Sunday, June 2, 2013

سیگ وے - چلنے پھرنے کا ایک انوکھا آلہ




پہلی نظر میں، میں اس چیز کو دیکھ کر مسحور ہی ہو گیا۔ میں اپنی بیگم کے ساتھ  واشنگٹن ڈی سی گیا ہوا تھا ، برادر طلعت علوی بھی ہمارے ہمراہ تھے۔ یہ شاندار آلہ جسے (Segway Human Transporter) کہتے ہیں بظاہر دیکھنے میں ایک جدید سکوٹر سے زیادہ کچھ نہیں لگتا۔ لیکن جن جن لوگوں نے اس کو استعمال کر کے دیکھا ہے وہ دعوٰی کرتے ہیں کہ سفر کا یہ بہت ذیادہ مختلف بلکہ بالکل ہی ایک نیا طریقہ ہے۔

ڈین کیمن (Dean Kamen) ،جنہوں نے اس مشین کو ایجاد کیا ہے، کو اس سے بہت ذیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔ ٹائم میگزین سے ایک انٹرویو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی مشین کار کے مقابلے میں وہ چیز ہو گی جو کار گھوڑے اور بگھی کے مقابلے میں تھی۔

کار کے برخلاف، سیگوے کے صرف دو پہیے ہیں۔ یہ بظاہر ایک عام سی ہتھ ریڑھی سے ملتی جلتی ہے لیکن بہرحال یہ خودبخود اوپر کی طرف سیدھا کھڑی رہ سکتی ہے۔

آگے یا پیچھے سفر کرنے کے لیے، سوار کو تھوڑا سا آگے یا پیچھے کو جھکنا پڑتا ہے۔ دائیں یا بائیں مڑنے کے لیے اس کے دائیں ہینڈل بار کو تھوڑا سا پیچھے یا آگے کرنا پڑتا ہے۔

سیگوے کا توازن قائم رکھنے کا عمل اس کے سارے نظام میں بہت اہم ہے۔ اس نظام کو سمجھنے کے لیے کیمن نے جس چیز کو نمونہ بنایا وہ تھا انسانی جسم۔ 

اگر آپ کھڑے ہیں اور آگے کو جھک رہے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ آپ عدم توازن کا شکار ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ منہ کے بل نہ گریں۔ آپ کا دماغ فوراً جان لیتا ہے کہ آپ کا توازن خراب ہو چکا ہے کیونکہ رقیق مادے آپ کے اندرونی کان میں جگہ بدل لیتے ہیں۔ یہ اس چیز کا اشارہ ہوتا ہے کہ آپ گرنے سے بچنے کے لیے اپنی ٹانگ آگے کو بڑھائیں، اگر آپ مزید آگے کو جھکے چلے جا رہے ہیں تو آپ کا دماغ آپ کو سیدھا رکھنے کے لیے آپ کی ٹانگ کا آگے بڑھاتا چلا جائے گا۔ گرنے کی بجائے آپ ایک ایک قدم اٹھاتے ہوئے آگے کو چلنا شروع کر دیں گے۔ 

سیگوے بھی تقریباً یہی کچھ کرتی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ ٹانگوں کی جگہ پہیے ہیں، پٹھوں کی جگہ موٹر ہے، دماغ کی جگہ مختلف مائکروپراسیسر ہیں، اندرونی کان کے نظام کی جگہ ٹِلٹ سنسر(Titl Sensor) ہیں۔ آپ کے دماغ کی طرح سیگوے جانتا ہے کہ آپ کب آگے کو جھک رہے ہیں۔ اپنا توازن قائم رکھنے کے لیے یہ درست سپیڈ سے بھاگنا شروع کر دیتا ہے، اس طریقے سے آپ آگے بڑھتے ہیں۔

ابھی تک ایک لاکھ سے زیادہ سکوٹر فروخت کیے جا چکے ہیں۔ اس کی قیمت 3000 امریکی ڈالر ہے، لیکن چین کا شکریہ کہ اس کے چینی نمونے کی قیمت صرف 1500 امریکی ڈالر ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ مذید سستا ہوتا چلا جائے گا۔

segway.com پہ جا کے آپ اس کے مختلف نمونے اور مذید معلومات دیکھ سکتے ہیں۔
مذید براں، بیٹھے والے سیگوے بھی بنائے جا چکے ہیں۔ 

(برادر تنویز زبیری سے ترجمہ  شدہ)


No comments :

Post a Comment

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...